غزہ

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری،48 گھنٹوں میںمزید 40 شہید، سیکڑوں زخمی

غزہ(رپورٹنگ آن لائن)سرکاری میڈیا آفس نے کہا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران وسطی غزہ کے نصیرات کیمپ اور اس کے گردونواح میں میں متعدد قتل عام کیے، جن میں درجنوں خواتین اور بچوں سمیت 40 سے زائد شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔

ایک پریس بیان میں مزید کہا کہ قابض فوج کے انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب کے دائرے میں توسیع صاف دکھائی دیتی ہے جو نہتے فلسطینیوں کو بے رحمی کے ساتھ نشانہ بنا رہی ہے۔ گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 254 رہائشی یونٹوں پر بمباری کی اور انہیں تباہ کیا۔

قابض فوج اس بمباری کے لیے بین الاقوامی سطح پر ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال کررہی ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ قابض ریاست نے شہریوں کے گھروں کے درمیان دھماکہ خیز بیرل نصب کیے اور بغیر کسی قانونی حفاظت کے انہیں ریمورٹ کنٹرول سے اڑا دیا۔

انہوں نیمزید کہا کہ قابض اسرائیلی فوج کی طرف سے انسانیت کے خلاف ان جرائم ، قتل عام اور نسل کشی کی مذمت کی جس میں عام شہریوں، بچوں اور خواتین کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے دنیا کے تمام ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ رہائشی محلوں اور شہریوں کے خلاف ان ہولناک قتل عام کی مذمت کریں۔

سرکاری میڈیا آفس نے قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری دہشت گردی کی امریکی انتظامیہ، برطانیہ، جرمنی، فرانس اوردیگر ممالک کی معاونت پر انہیں فلسطینیوں کی منظم نسل کشی کا مجرم قرار دیا۔

انہوں نے عالمی برادری اور تمام بین الاقوامی اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض اسرائیلی ریاست پر دباؤ ڈالیں تاکہ ہمارے فلسطینی عوام کے خلاف غاصبانہ جارحیت اور انسانیت کے خلاف جرائم کو روکا جا سکے۔