جنید اکبر

عید کے بعد دوبارہ احتجاج پر جانےکا پروگرام ہے،ہمارے اور مولانا کے فاصلے اتنے زیادہ کہ قریب لانے میں وقت لگے گا، جنید اکبر

پشاور(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی اور صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا جنید اکبر نے کہا ہے کہ عید کے بعد دوبارہ احتجاج پر جانےکا پروگرام ہے ہمارےاورمولانا فضل الرحمان کے فاصلے اتنے زیادہ ہیں کہ قریب لانےمیں وقت لگے گا۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر کا کہنا تھا کہ جیل میں ہماری بانی سے ملاقات نہیں کرائی گئی، بدقسمتی سے عدالتی حکم کے باوجود ملاقات نہیں کرائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارےاورمولانا کے فاصلے اتنے زیادہ تھے کہ ان کو قریب لانے میں وقت لگے گا،عید کے بعد دوبارہ احتجاج پر جا نے کا پروگرام ہے، عمران خان کا مولانا فضل الرحمان سمیت باقی پارٹیوں کو بھی ساتھ ملانے کا ارادہ ہے۔

صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ عمران خان نے توپارلیمنٹ سے باہرجماعتوں کوبھی ساتھ ملانے کا کہا ہے، ہماری خواہش ہے مولانا فضل الرحمان احتجاج میں ہمارے ساتھ شریک ہوں، اگرمولانا احتجاج میں آگئے تو بہت خوشی ہو گی، اگر نہ آئے تو ہم اپنے ورکرز پر انحصارکریں گے۔جنید اکبر نے مزید کہا کہ ہم نے مولانا پر کوئی احسان کرنا ہے اور نہ انہوں نے ہم پر، تحریک کے خدوخال سے متعلق عمران خان سے رائے لیں گے پھر فائنل ہوگا۔