لاہور۔20جون(زاہد انجم سے) عید الضحیٰ کے ایام کے دوران لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں 11693 مریضوں کو بلا تعطل بہترین مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ مختلف نوعیت کے بڑے /چھوٹے 1259 آپریشنز،2668ایکسرے،725الٹر ا ساؤنڈ، 489سی ٹی سکین،604ای سی جیزاور 157ڈائلسز ہوئے۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فریاد حسین نے ڈ اکٹرز نرسز اور پیرامیڈکس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عید کی تعطیلات دکھی انسانیت کی خدمت میں گزارنا کسی طور بھی عبادت سے کم نہیں اور یہ سب لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنے گھر والوں کے ساتھ عید کی خوشیاں گزارنے کی بجائے ہسپتال میں فرائض سر انجام دینے کو ترجیح دی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے عید الضحیٰ پر جنرل ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا، نو نہالوں میں عید کے تحائف تقسیم کیے، مریضوں کے بیڈز پر جا کر اُن کی تیمارداری کی اور انہیں عید کی مبارک دی۔ اس موقع پر ڈی سی این۔ ایس زمرد خورشید بھی موجود تھیں
ڈاکٹر فریاد حسین نے پروفیسر الفرید ظفر کو اس حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں عید کی تعطیلات کے دوران ہسپتال کے تمام شعبے معمول کے مطابق کھلے رہے اور ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کو علاج معالجے کی خصوصی سہولت بہم پہنچائی گئی۔ اسی طرح گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کے مفت ڈائلسز کیے گئے، خواتین اور بچوں کے شعبوں میں بھی علاج معالجہ جاری رہا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ طب مسیحائی پیشہ ہے، درد اور زخموں میں مبتلا افراد کے چہروں پر مسکراہٹ لانے پر میڈیکل پروفیشن سے وابستہ افراد کو جو سکون ملتا ہے وہ پیسوں سے نہیں خریدا جا سکتا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ علاج معالجہ کے ساتھ ساتھ شہریوں میں وبائی امراض سے بچاؤ کے متعلق بھی شعور اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ رکھ سکیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے عید کے دنوں میں ڈیوٹی پر مامور ملازمین کو مبارکباد دی اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مذکورہ اسٹاف کو متبادل چھٹیاں دی جائیں جو انکا حق ہے۔
پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ حکومتی احکامات پر مریضوں کو بہترین طبی و تشخیصی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جنرل ہسپتال میں ملک بھر سے مریض علاج معالجے کیلئے آتے ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے مریضوں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آنے پر ڈاکٹرز،نرسز و پیرا میڈیکس کو شاباش دی اور اُن کیلئے تعریفی اسناد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دوران شاندار خدمات سر انجام دینے والاعملہ بلا شبہ جنرل ہسپتال کا فخر ہے جو اس ادارے کو سٹیٹ آف دی آر ٹ بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔









