اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے گا ،
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگر پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)عدم اعتماد لاتی پھر تو ہمیں اسمبلی آنے کی ضرورت نہیں تھی یہاں حزب اختلاف کو آنا چاہیے تھا نہ آنے سے مزہ نہیں آیا،انہوں نے کہا کہ اگر عدم اعتماد ہوتی تو حزب اختلاف کو نمبر پورے کرنے پڑتے سیاست مقابلے کا نام ہے اور پی ٹی آئی نے ساری سیٹیں جیتیں،
شیخ رشید احمد نے کہا کہ جنہوں نے مخالفت میں ووٹ دیے ان کے نام نہیں بتاﺅں گا اور ویسے بھی مخالفت میں ووٹ دینے والوں کا مجھے نہیں پتہ، تحریک انصاف سینیٹ کی باقی سب سیٹیں جیت گئی جبکہ حزب اختلاف نے صرف ایک سیٹ کی جیت کو سیاست کا محور بنا لیا،انہوں نے کہا کہ لوگوں میں جرات ہونی چاہیے سرعام کہنے کی کہ میں نے ووٹ نہیں دینا، آج کی جیت کے بعد عمران خان نئی سیاسی زندگی کا آغاز کریں گے،
یہ جمہوریت کا حسن ہے کہ عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے اتنا جلدی فیصلہ کیا، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریک آتی تو اپوزیشن کو نمبرز پورا کرنے کی ضرورت تھی، اپوزیشن لانگ مارچ ضرور کرے گی،انہوںنے کہا سینٹ الیکشن میں ایک سیٹ کے گرد اپوزیشن نے گھیرا تنگ کیا،
ایک سیٹ کے ہارنے سے وزیراعظم نے اعتمادکاووٹ لینے کافیصلہ کیا، سینیٹ الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل تھی،شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ کل عمران خان کوکہا ہے آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے گا ، عوام کے مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے۔