اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام کے لیے سب سے بڑا ریلیف پیکیج عمران خان کا استعفی ہے،عمران خان کی پہلی اور آخری ترجیح جھوٹ، دھوکہ اور قوم کی زندگی کو عذاب بنانا ہے ، عمران خان کی پالیسیوں نے ملک کو غریب، عوام کو بھکاری اور نوجوانوں کو بے روزگار کردیا ،عمران خان نے عوام کو 3سال بے روزگاری، مہنگائی اوربھوک کا پیکیج دیا ، مہنگائی، قرض اور پیٹرول کی قیمتوں کا ریکارڈ ٹوٹ رہا ہے، بجلی کی قیمت 11 سے 24 روپے کرنے سے ریلیف نہیں دیا جاتا، ادویات 500 فیصد مہنگی کرنے سے عوام کو ریلیف نہیں دیا جاتا، آپ سے یہ ملک نہیں چل سکتا، آپ صرف عوام کو لوٹنے اور اپنی اے ٹی ایمز کو فائدہ دینے آئے ہیں، آپ جس دن ریلیف کی بات کرتے ہیں اسی روز چینی، آٹا اور پیٹرولیم مصنوعات سمیت ہر چیز مہنگی کرتے ہیں۔
بدھ کو مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کا پیکج دیا ہے، 3سال بعد یہ کہنا کہ عمران خان صاحب عوام کے ریلیف کےلئے بڑا اعلان کرنے جا رہے ہیں عوام کودھوکہ دینے کے مترادف ہے،تین سال میں صرف اعلان نہیں کیا جاتا بلکہ ریلیف پیکج دے کر اس پر عمل کیا جاتا ہے،2018میں 5.8کی اوسط سے ترقی کرتا ملک 3سال میں اس حکومت نے عوام کو مہنگائی،بے روزگاری اور معاشی تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا، بھوک مٹانے کےلئے کارخانے ختم کر کے لنگر خانے بنائے،کیا یہ معاشی ترقی ہے،
عمران خان کو صرف اپنے اے ٹی ایم اور مافیا کو بچانے کا تدارک ہے،نیب آرڈیننس لا کر مافیا کی جیبیں بھری جاتی ہیں، عوام کو آٹا 35 روپے کلو کے بجائے 110روپے فی کلو مل رہا ہے،چینی 52روپے کلو سے 130روپے فی کلو کر دینا عوام کو ریلیف دینا نہیں، پچھلے دو دنوں میں چینی کی قیمت میں 20روپے فی کلو کا اضافہ ہوا، بجلی کا یونٹ 24روپے کا کردیا گیا،کھانے کا تیل 360روپے فی لٹر دیا جا رہا ہے کیا یہ عوام کو ریلیف دینا ہے، پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ قرضے لئے گئے، عمران خان کے دور حکومت میں مہنگائی میں 100فیصد اضافہ ہوا،مہنگائی اور بے روزگاری میں پاکستان نمبر ون ہے، یہ لوگ قومی ترقی کے حوالے سے ہر روز جھوٹ بولتے ہیں،
اس حکومت نے عوام کو بھوک اور لنگر خانوں کے حوالے کر دیا ہے،عمران خان کہتا تھا کہ 100 دن میں کرپشن ختم کروں گا، اب کرپشن مافیا کو خود این آر او دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے اعلان کیا تھا کہ وزیراعظم اور گورنر ہاﺅس کو یونیورسٹی بناﺅں گا،قرضے نہیں لوں گا،وہ اعلان کدھر گیا، میرا آپ کو مشورہ ہے کہ آپ خطاب کر کے عوام کو دھوکہ نہ دیں، پاکستان کی عوام کو آپ کے کسی ریلیف پیکج پر یقین نہیں،ریلیف پیکج دینے کا جھوٹ نہ بولیں، یہ ریلیف پیکج بھی کاسمیٹک ہو گا، عوام کو دھوکہ دینا بند کریں۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ مہنگائی میں مزید اضافے کے بجائے اپنے استعفے کا اعلان کریں،مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات عمران خان کے استعفے سے ہی مل سکتی ہے،آپ اس ملک کو چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے،آپ اس ملک کو لوٹنے اور اے ٹی ایم مافیا کو ریلیف پیکج دینے آئے ہیں، آپ نے عوام کو تکلیف دی ریلیف نہیں دیا،آپ کی غلطیوں کی وجہ سے مہنگا پٹرول خریدا اور مہنگی گندم باہر سے منگوانی پڑ رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان صاحب آپ چور ہیں، آپ کا ریلیف اپنے مافیا کی جیبیں بھرنے کےلئے ہے،یہ ریلیف بہت بڑا دھوکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی سے جو معاہدہ کیا گیاعوام کے سامنے لایا جائے، بتایا جائے کہ کس نے کس کے ساتھ کن شرائط پر معاہدہ کیا ہے۔