بیجنگ(رپورٹنگ آن لائن)چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ عوام سے عوام کی دوستی ہمیشہ سے چین اور جاپان کے تعلقات کی ترقی کا سنگ بنیاد رہی ہے ۔
وانگ نے پیر کو ان خیالات کا اظہار 16 ویں بیجنگ-ٹوکیو فورم کی افتتاحی تقریب سے اپنے ویڈیو خطاب میں کیا۔وانگ نے کہا کہ کوویڈ -19 کی وبا نے دنیا کے تمام ممالک کو یہ باور کرادیا ہے کہ بنی نوع انسان مشترکہ مستقبل کی حامل ایک برادری ہے اور چینی اور جاپانی عوام کے مابین روایتی دوستی کا ایک بار پھر مظاہرہ کیا گیا ہے۔
وانگ نے کہا کہ اطلاعات اور ذہانت کے نئے دور میں عوامی اور سماجی میڈیا دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور ایک دوسرے سے بات چیت میں مدد فراہم کرنے میں اہم کردار اداکرتا ہے۔انہوں نے دونوں ممالک کے میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک دوسرے کے ممالک کے بارے میں رپورٹنگ کرتے وقت سچائی کی پیروی اور حقیقت کو سامنے لائیں ، عوام کے مابین بہتر افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لئے زیادہ جامع اور دوستانہ رویہ اپنائیں ، ایک طویل مدتی نقطہ نظر اپنائیں ، مستقبل کی طرف دیکھیں اور چین جاپان تعاون میں مثبت چیزوں پر توجہ مرکوز کریں۔