لیاقت بلوچ

عمران سرکار غربت کی بجائے غریبوں کاخاتمہ کررہی ہے ،لیاقت بلوچ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ قومی بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کیا گیا اور اب پنشنرز سے پنشن کا حق چھیننے کا لائحہ عمل بنایا جارہاہے ۔

ملازمین کی ریٹائرڈ منٹ عمر 55 سال کرنے کے عزائم بڑے معاشی ، سماجی اور انسانی بحرانوں کو جنم دے گا ۔ عمران خان سرکارغربت کی بجائے غریبوں کا خاتمہ کررہی ہے ۔ غریب ملازمت پیشہ اور مڈل کلاس طبقہ کو سہارا ، سرپرستی دینے کی بجائے کارٹل مافیا ز اور عوام کا خون چوسنے والے استحصالی گروہوں کی سرپرستی کی جارہی ہے ۔حکومت میں سدھار نہ آیا تو حکومت اپنی نااہلی اور ناکامیوں سے اپوزیشن کو بھی متحد کر دے گی اور عوام سڑکوں پر ہوں گے ۔

حکومت کا دھڑن تختہ ہوگا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے وفد سے گفتگو اور پیف کے احتجاجی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے وابستہ سکولوں کے احتجاج میں شامل شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت پی ای ایف تعلیمی اداروں کے ساتھ تعلیم دشمن اقدامات کر رہی ہے ۔

کرونا وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن ، تعلیمی اداروں پر تالابندی سے معاشی اور تعلیمی نقصانات ہوگئے ہیں ۔ پی ای ایف تعلیمی اداروں کی امداد روک کر ہزاروں اساتذہ کا معاشی قتل اور لاکھوں طلبہ و طالبات پر جہالت کا اندھیرا مسلط کیا جارہاہے ۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار ظلم اور بے حسی ترک کریں اور پیف اداروں کی تعلیمی امداد بحال کریں اور فوری ادائیگی کریں ۔

یہ المیہ ہے کہ حکومت نے کرونا متاثرین کی مدد پروگرام میں علماء ، اساتذہ ، ملازمین ، موذن اور انتظامی سٹاف کو مدد دینے کی ترجیح نہیں بنائی یہ تعلیم دشمنی اور جہالت دوستی ہے ۔ جماعت اسلامی پیف کے ساتھ وابستہ تعلیمی اداروں کے احتجاج کو حق پر مبنی سمجھتی اور احتجاجی مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے