اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی شازیہ ماریہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے صاحبزادے کا جی ایس پی پلس پر بیان افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ جی ایس پی پلس جیسے حساس معاملے پر غیر سنجیدہ گفتگو قومی مفاد کے خلاف ہے۔انہوںنے کہاکہ ایسے بیانات سے پاکستان کی برآمدات اور عالمی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے، قومی مفاد اور لاکھوں لوگوں کے روزگار کو سیاست کی نذر نہیں کیا جا سکتا۔
شازیہ مری نے کہاکہ مشکل وقت میں صدر آصف علی زرداری نے ”پاکستان کھپے”کا نعرہ لگا کر اتحاد کا پیغام دیا۔شازیہ مری نے کہاکہ آج ذاتی سیاست کیلئے ایسے بیانات دینا قابل مذمت ہے، عمران خان کے صاحبزادے پاکستان میں نہیں رہتے مگر ہم اور ہمارے بچے یہیں رہتے ہیں۔شازیہ مری نے کہاکہ اس ملک کی ساکھ ہمارے لئے سب کچھ ہے، باہر بیٹھ کر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے بیانات دینا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوںنے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کے اہلِ خانہ کو ملکی قوانین اور عدالتوں کا سامنا کرنا چاہیے، بیرونی محاذ آرائی ناقابلِ قبول ہے۔
انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی ایک فرد کی خاطر ملکی سیاست اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں بخوبی یاد ہے کہ عمران خان نے لندن کے میئر کے انتخاب میں صادق خان کے مقابل کس کی حمایت کی تھی۔ شازیہ مری نے کہاکہ دوہرا معیار قابل قبول نہیں، ایک طرف بیرون ملک سیاست اور دوسری طرف پاکستان کے مفادات پر بات۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے خلاف بیرونی عناصر کے ساتھ مل کر سازشیں کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔









