لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے قوم کو 74ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت تحریک آزادی کے اکابرین کے خوابوںکی تکمیل کیلئے کوشاں ہے ،ہم بطور قوم یہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو دنیا میں باوقار مقام دلانے کیلئے کوئی کسراٹھانہیں رکھی جائے گی ۔
یوم آزادی کے حوالے سے اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے جو بھارت کی درندگی اور بربریت کا نہ صرف دلیرانہ مقابلہ کر رہے ہیں بلکہ بھارت کوللکار رہے ہیں کہ جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے آزادی کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے بطور قوم خودکواس قدر باوقاراور طاقتور بنانا ہے کہ دنیا میں ہماری بات کواہمیت دی جائے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اس جانب تیزی سے پیشرفت جاری ہے ۔
انہوںنے کہا کہ آج کے دن ہم آزادی کی تحریک او رپاکستان کے دفاع کے لئے اپنی جانوںکے نذرانے دینے والوں کوبھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔