لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھ کا سن کر بہت دکھ ہوا،دعا کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتا۔
نجی ٹی وی کے مطابق انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قیدیوں کے بھی کچھ حقوق ہوتے ہیں جو اس کو ملنے چاہئیں،یہ جیل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میاں محمود الرشید نے چیک کے لیے ہسپتال جانا تھا جیل انتظامیہ نے پولیس سکیورٹی نہیں دی،ڈاکٹر یاسمین راشد کا علاج بھی سکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے نہیں ہوسکا،اڈیالہ جیل میں اگر کسی کی آنکھ کی بینائی چلی جائے تو اس کی ذمہ دار جیل انتظامیہ ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس ملک میں امن دیکھنا چاہتا ہوں،
بلوچستان میں جو دہشتگردی ہورہی ہے اس میں بھارت کا ہاتھ ہے، میں حکومت کے موقف کے ساتھ اتفاق کرتا ہوں۔دوسری جانب کمرہ عدالت میں شاہ محمود قریشی نے بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمی خان سے ملاقات کی اور بانی پی ٹی آئی کی آنکھ پر افسوس کا اظہار کیا،بانی پی ٹی آئی کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔ عظمی خان نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کو بھی آگاہ کیا۔









