لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ عمران خان کے اعتماد کے ووٹ لینے میں سب سے زیادہ کردار جہانگیر ترین کا تھا، عمران خان نے جہانگیر ترین کی وجہ سے ہی اعتماد کا ووٹ لیا، وزیراعظم کے اردگر بیٹھے لوگ خرابیاں پیدا کر رہے ہیں، وزیراعظم اپنے اچھے دوست کو نہ کھوئیں۔
بینکنگ کورٹ لاہور میں جہانگیر ترین کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے فیصل آباد سے رہنما راجہ ریاض نے بتایا کہ عمران خان کے ارد گرد کے لوگ جہانگیر ترین کے خلاف سازش کر رہے ہیں جس کا وزیر اعظم کو ایکشن لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اعتماد کے ووٹ لینے میں سب سے زیادہ کردار جہانگیر ترین کا تھا۔ راجہ ریاض نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر وزیر اعظم عمران خان کے اعتماد کے ووٹ لینے میں جہانگیر ترین پیش پیش تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جہانگیر ترین جیسے وفادار پارٹی رہنما کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے اسے فورا بند کیا جائے۔
راجا ریاض نے واضح کیا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ دراصل پارٹی کے مجموعی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ دراصل حقیقت میں جو سیاسی نقصان ہورہا ہے وہ تحریک انصاف کو ہو رہا ہے۔