لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سیاست سے مائنس کرنے کیلئے ہر طرح کے ہتھکنڈے آزمانے کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان آج بھی پاکستانی سیاست میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی شخصیت اور نظریات اب بھی عوامی اور سیاسی حلقوں میں بحث کا محور ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا آئین و قانون کی حکمرانی اور حقیقی آزادی کا بیانیہ صرف ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کی آواز بن چکا ہے، عوام آج بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی ذاتی مفاد یا اقتدار کی سیاست نہیں کررہے بلکہ ملک اور قوم کے مفاد کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور کرپشن کے خاتمے کی بات کی ،پی ٹی آئی کی جدوجہد کسی ایک شخص کے خلاف نہیں بلکہ ایک ایسے نظام کے خلاف ہے جو دہائیوں سے عوام کو ان کا حق دینے میں ناکام رہا ہے، ہماری منزل ایک ایسا پاکستان ہے جو حقیقی معنوں میں خودمختار، خوشحال اور باوقار ہو۔انہوں نے کہا کہ ہر طرح کے ظلم اور جبر کا سامنا کرنے کے باوجود عمران خان جدوجہد کو جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں اور ان شا اللہ بہت جلد پاکستان کو ایک نیا راستہ، ایک نیا نظام اور ایک نیا مستقبل ملے گا۔