حلیم عادل شیخ 57

عمران خان اور بشری بی بی کی طویل حراست بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے: حلیم عادل شیخ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرپرست اعلی پاکستان تحریک انصاف عمران احمد خان نیازی اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی طویل اور غیر قانونی حراست بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو طویل عرصے سے تنہائی میں رکھا جانا نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے پیدا ہونے والی تشویش انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔

انہیں فوری طور پر ان کے ذاتی ڈاکٹروں تک رسائی دی جائے اور مکمل اور شفاف طبی معائنہ کرایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری طور پر الشفا اسپتال منتقل کیا جائے اور طبی معائنے کے دوران ان کے اہل خانہ کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ تمام معاملات شفاف رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان کو اہل خانہ، وکلا اور پارٹی قیادت سے ملاقات سے روکنے کی شدید مذمت کرتی ہے۔ عدالتی احکامات کے باوجود ملاقاتوں پر پابندی حکومت کی بدنیتی کو ظاہر کرتی ہے اور یہ آئین و قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کے سنگین مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ اس وقت دنیا میں تیسری عالمی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں تو دوسری طرف ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے یوٹیلیٹی بلز نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

بجلی، گیس، پیٹرول، اشیائے خورونوش اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رہا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، ایسے میں سیاسی انتقام اور جمہوری حقوق کی پامالی کی پالیسی ملک کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران احمد خان نیازی کو ان کے تمام آئینی اور قانونی حقوق فوری طور پر فراہم کیے جائیں اور ملک میں سیاسی استحکام کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئین، قانون اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں