مسرت جمشید چیمہ

عمران خان ،پی ٹی آئی کو مائنس کرنے کیلئے جبر ،ظلم کا ہر ہتھکنڈا آزمایا جا چکا ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکمران معیشت کی بہتری کے نمائشی اور فرمائشی پروگرام چلا رہے ہیں جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے ، عمران خان اور پی ٹی آئی سیاسی حقیقت ہیں اور دونوں کو مائنس کرنے کیلئے جبر اور ظلم کا ہر طرح کا ہتھکنڈا آزمایا جا چکا ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام سے پوچھیں وہ کن حالات میںزندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، تعلیمی اخراجات پورے نہ ہونے کی وجہ سے کروڑوں بچے سکولوں سے باہر ہیں ، نام نہاد تجربہ کاروں کے دور میں حالات بہتر ہونے کی بجائے بد تر سے ابتر ہو رہے ہیں۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سیاسی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں جتنا جبر اور ظلم پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنان پر کیا گیاہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی لیکن اسے اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹایا جا سکا ،ظلم اور جبر کی رات نے جتنا طویل ہونا تھا ہو گئی ہے اب ان شااللہ سویرا ہوگا اور ملک میں نئی صبح طلوع ہو گی ۔

انہوں نے کہاکہ طاقت کے نشے میں چُور حکمران جتنے مرضی چوکے چھکے مار لیں عوام بہت جلد ان کا کڑا محاسبہ کریں گے ۔