شہباز شریف

علامہ اقبالؒ کی فکر آج بھی ہماری قومی و اجتماعی زندگی کیلئے رہنمائی کا سرچشمہ ہے،وزیراعظم کا یوم اقبال پر پیغام

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شاعرِ مشرق، مفکرِ اسلام اور مصورِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقبالؒ کی فکر آج بھی ہماری قومی و اجتماعی زندگی کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ اقبالؒ نے غلامی کے اندھیروں میں خودی اور ایمان کی شمع روشن کی اور ایک مایوس قوم کو بیداری، علم و عمل اور خود اعتمادی کا درس دیا۔ پاکستان، اقبالؒ کے افکار کی روشنی میں امتِ مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کے علامہ اقبالؒ کا نوجوان ملت کا معمار اور مستقبل کا شاہین ہے۔ حکومت اقبالؒ کی فکر کی روشنی میں نوجوان نسل کے لیے ایسی تعلیم کے فروغ کے لیے پرعزم ہے جو صرف روزگار کا ذریعہ نہ ہو بلکہ کردار سازی اور فکری تربیت کا بھی باعث بنے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے نظریاتی پہلو کو مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے، کیونکہ اسی پر ہمارے تابناک مستقبل کا انحصار ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت جدید تعلیم، ہنر مندی اور روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے، جن میں “اڑان پاکستان” سمیت متعدد پروگرام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ مفکرِ اسلام تھے جنہوں نے امتِ مسلمہ کے اتحاد اور دنیا میں امن کے قیام کا خواب دیکھا۔ آج دنیا کو اقبالؒ کے اس پیغام کی ضرورت ہے کہ فرقہ واریت کے بجائے اخوت، نفرت کے بجائے محبت اور طاقت کے بجائے انصاف کو فوقیت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کے افکار قومی پالیسی، تعلیمی ترجیحات اور اجتماعی زندگی کے لیے مشعلِ راہ ہیں، ہمیں اقبالؒ کی تعلیمات کو اپنے عمل کا محور بنانا ہوگا تاکہ پاکستان حقیقی معنوں میں اقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر بن سکے ،ایک ایسا پاکستان جہاں علم و عمل، محبت، رواداری، امن اور انصاف کا بول بالا ہو ۔