لاہور ہائی کورٹ

عظمی بخاری کے شوہرسمیع اللہ خان کے خلاف انتخابی عذر داری مسترد، تفصیلی فیصلہ جاری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور عظمیٰ بخاری کے شوہر سمیع اللہ خان کے خلاف انتخابی درخواست کو مسترد کر دیا۔ درخواست پاکستان تحریک انصاف کے رہنما یاسر گیلانی کی جانب سے حلقہ پی پی 145 کے انتخابی نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کی گئی تھی۔

جسٹس سلطان تنویر احمد نے آٹھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست قانونی تقاضوں کے مطابق دائر نہیں کی گئی۔ فیصلے کے مطابق درخواست گزار نے اپنی انتخابی عذر داری اوتھ کمشنر سے تصدیق نہیں کروائی، اور نہ ہی الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 4 کے تحت اسے صحیح طریقے سے فائل کیا گیا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست دائر کرتے وقت الیکشن ایکٹ کی دفعات 142 اور 143 کی بھی خلاف ورزی کی گئی، جب کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ایسی درخواستوں سے متعلق کئی نظیریں پہلے ہی موجود ہیں۔ٹربیونل نے درخواست کو الیکشن ایکٹ کی سیکشن 145 کے تحت ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔

یاسر گیلانی کی جانب سے پی پی 145 کے 17 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا بھی مسترد کر دی گئی، اور حکم دیا گیا کہ ان پولنگ اسٹیشنز کے نتائج فارم 45 کے مطابق جاری کیے جائیں۔اس فیصلے کے بعد سمیع اللہ خان کی بطور رکن پنجاب اسمبلی کامیابی برقرار رہے گی، جب کہ پی ٹی آئی کی انتخابی درخواست کو قانونی خامیوں کی بنیاد پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔