عطا اللہ تارڑ 54

عطاء اللہ تارڑ کی پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے سالانہ انتخابات میں نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ہے۔

جمعرات کو اپنے تہنیتی بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے عمران وسیم کو صدر، امانت رضا گشکوری کو جنرل سیکرٹری، ابرار استوری کو نائب صدر، عابد نثار کو سیکرٹری خزانہ، سحرش خان کو سیکرٹری اطلاعات جبکہ زاہد شریف، رئوف بزمی اور سبین شہباز کو ممبر ایگزیکٹو باڈی منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ ایک اہم اور باوقار صحافتی فورم ہے جو عدالتی رپورٹنگ میں پیشہ ورانہ اقدار، ذمہ دار صحافت اور آئین و قانون کی بالادستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت صحافی برادری کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافیوں کی آزادی، تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں