لاہور (رپورٹنگ آن لائن) عدالت نے یوٹیوبر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی کے بینک اکائونٹس بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں یوٹیوب چینل پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی مخصوص اجازت بھی دے دی۔
لاہور کی ضلع کچہری میں سوشل میڈیا شخصیت ڈکی بھائی کے خلاف جواء ایپ کی تشہیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے اہم احکامات جاری کیے۔ عدالت نے ڈکی بھائی کے بینک اکائونٹس بحال کرنے کا حکم دے دیا اور انہیں یوٹیوب چینل پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی مخصوص اجازت بھی دے دی۔سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ زیر التواء کیس سے متعلق کسی بھی قسم کی گفتگو یوٹیوب چینل پر نہیں کی جائے گی۔
عدالت کا کہنا تھا کہ کیس کے فیصلے تک اس معاملے پر عوامی بحث یا تبصرہ مناسب نہیں ہوگا۔عدالت کو بتایا گیا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو چینل پر موجود 27ویڈیوز پر اعتراض ہے۔ اس پر عدالت نے ہدایت دی کہ مذکورہ 27ویڈیوز کو فی الحال ڈیلیٹ نہیں کیا جائے گا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر این سی سی آئی اے کے گواہوں کو طلب کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی کے باعث سماعت مکمل نہ ہو سکی اور کیس کی کارروائی 11مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔یہ کیس سوشل میڈیا پر جوا ایپ کی مبینہ تشہیر سے متعلق ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ آئندہ سماعت پر مزید شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔









