عبدالعلیم خان 46

عبدالعلیم خان کا شدید برف باری میں شاہراہیں کھلی رکھنے پر این ایچ اے ٹیموں کو بھرپور خراجِ تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے شدید برف باری اور مشکل موسمی حالات کے باوجود قومی شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے فعال رکھنے پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی ٹیموں کی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کے عملے نے بروقت اقدامات کے ذریعے عوام کی سہولت کے لیے شاہراہوں پر بلا تعطل رسائی کو یقینی بنا کر ایک مثال قائم کی ہے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مری، چترال، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر جیسے دشوار گزار علاقوں میں فرائض انجام دینے والے فیلڈ اسٹاف کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کا عملہ اور محنتی ورکرز شاہراہوں کی بحالی کے لیے ہمارا اصل اثاثہ ہیں”۔ انہوں نے مزید کہا کہ مری ایکسپریس وے اور دیگر اہم شاہراہوں پر نمک پاشی اور جدید مشینری کے بروقت استعمال سے نہ صرف ٹریفک کی روانی برقرار رہی بلکہ حادثات کا تدارک بھی ممکن ہوا۔

عبدالعلیم خان نے ملک بھر میں برف باری کے اگلے سلسلے کے پیشِ نظر این ایچ اے کو مکمل طور پر تیار اور ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کی سہولت کے لیے شاہراہوں پر محفوظ رسائی فراہم کرنا ہماری اولین قومی ذمہ داری ہے۔ وفاقی وزیر نے مسافروں اور سیاحوں سے بھی گزارش کی کہ وہ مشکل راستوں پر سفر کے دوران این ایچ اے کے فیلڈ اسٹاف کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں