جوہانسبرگ (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان نیو لینڈز کیپ ٹاؤن میں جمعے سے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا دوسرا ٹیسٹ شروع ہو رہا ہے۔
سپر اسپورٹس پارک سیچورین میں پہلا ٹیسٹ 2 وکٹ سے ہارنے والی پاکستان ٹیم میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے صرف ایک تبدیلی متوقع ہے۔دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عامر جمال کی جگہ بائیں ہاتھ کے تیز بولر میر حمزہ کو 11 رکنی ٹیم میں شامل کیا جا رہا ہے۔
میانوالی سے تعلق رکھنے والے عامر جمال جنہوں نے سینچورین کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 8 اوورز کے دوران جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما اور فاسٹ بولر کاگیسو ربادا کی وکٹیں حاصل کی تھیں، دوسری اننگز میں صرف ایک اوور کرانے پر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے عامر جمال کی جگہ بائیں ہاتھ کے تیز بولر میر حمزہ کو 11 رکنی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔البتہ اسپنرز کے لیے سازگار پچ پر قومی ٹیم میں کسی اسپنر کی شمولیت کا امکان موجود نہیں ہے اور توقع ہے کہ بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف اکتوبر 2024ئ میں کھیلے گئے 2 ٹیسٹ میچوں کے دوران 13.85 کی اوسط سے 20 وکٹیں اپنے نام کی تھیں، انہیں 11 رکنی ٹیم میں جگہ ملنا مشکل ہے اور ٹیم مینجمنٹ بطور اسپنر آغا سلمان پر نگاہیں جمائے بیٹھی ہے۔









