آصف علی زرداری 22

عالمی یومِ زیرو ویسٹ: صدر زرداری کا خوراک کے ضیاع میں کمی پر زور

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ زیرو ویسٹ کے موقع پر اپنے پیغام میں خوراک کے ضیاع کو سنگین قومی مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس میں کمی کو ہر سطح پر عملی ترجیح بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ رواں برس عالمی یومِ زیرو ویسٹ کی توجہ خوراک کے ضیاع پر مرکوز ہے، جو عام شہری کی روزمرہ زندگی سے جڑا ایک اہم مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ منڈی تک پہنچنے سے پہلے خوراک کا خراب ہو جانا اور ناقص ذخیرہ کاری کے باعث فصلوں کا ضائع ہونا بڑے چیلنجز ہیں، جن پر فوری توجہ دینا ضروری ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ تقریبات میں بچ جانے والی خوراک کو ضائع کرنا وسائل کا ضیاع ہے، کیونکہ خوراک کے ساتھ پانی، زمین اور توانائی بھی ضائع ہوتی ہے، لینڈفل میں جانے والی خوراک ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کرتی ہے اور اس کا تعلق موسمیاتی تبدیلی سے بھی ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ ایک زرعی معیشت ہونے کے ناطے پاکستان کو بعد از برداشت نقصانات کم کرنے، بہتر کولڈ چین اور سٹوریج سسٹم اپنانے کی ضرورت ہے، انہوں نے اضافی خوراک مستحق افراد تک پہنچانے، سرکاری اداروں کی جانب سے عملی مثال قائم کرنے اور کاروباری اداروں کو ذمہ دارانہ منصوبہ بندی اختیار کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھریلو سطح پر محتاط خریداری اور درست ذخیرہ کاری کو یقینی بنائیں، خوراک کے ضیاع میں کمی ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، جس سے نہ صرف غذائی تحفظ کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے بلکہ ماحول پر دباؤ بھی کم کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں