اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان اورعالمی بینک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا جس کے بعد عالمی بینک پاکستان کو19 کروڑ 50 لاکھ ڈالرزقرض دے گی۔ معاہدے پر سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن میاں اسد حیا الدین نے دستخط کئے، ورلڈ بنک کے آپریشنز منیجر انجم احمد نے ورلڈ بنک کی جانب سے معاہدوں پر دستخط کئے گئے جبکہ حیسکو، میپکو اور پیسکو کے نمائندوں نے منصوبے کے معاہدوں پر دستخط کئے۔ عالمی بینک کے مطابق پاکستان کو قرض کے لیے منظور کی گئی رقم توانائی کے شعبے میں بہتری کے لئے استعما ل کی جائے گی،
منصوبے کے تحت حیسکو، میپکو اور پیسکو کی آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے، یہ منصوبہ پاور ڈویژن کو نیشنل الیکٹرسٹی پالیسی 2021 کے تحت پاور سیکٹر میں اصلاحات کے نفاذ میں بھی معاونت کرے گا۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کیلئے مسلسل تعاون فراہم پر عالمی بینک کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔