عاصم افتخار 52

عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے کرعوام کو آزادی دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے،عاصم افتخار

نیویارک(رپورٹنگ آن لائن)یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو انصاف اور آزادی دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔خطاب کرتے ہوئے مستقل مندوب نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ کشمیری عوام طویل عرصے سے شدید مشکلات، جبر اور ناانصافیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوںنے زور دیاکہ مقبوضہ علاقوں میں اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام کو ان کا تسلیم شدہ حق خودارادیت دیا جائے، جس کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔عاصم افتخار نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مائیں آج بھی اپنے بچوں کی راہ تک رہی ہیں، جو گھروں سے نکلنے کے بعد کبھی واپس نہیں لوٹتے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل ایک معمول بن چکے ہیں، جبکہ 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے غیرقانونی اقدامات نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں سماجی ترقی کیلئے سنگین چیلنجز درپیش ہیں،بڑی تعداد میں لوگ مشکلات کا شکار ہیں اور وہاں تعلیم، صحت اور سماجی زندگی بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال پاکستان میں سماجی ترقی پر سربراہی کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ایسے ہی مسائل پر عالمی توجہ دلائی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں