لاہور ہائی کورٹ

عارضی ملازمین کی مستقلی کے لیے دائر درخواست پر واسا کو جواب کے لیے مہلت

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے واسا کے 20سے زائد عارضی ملازمین کی مستقلی کے لیے دائر درخواست پر واسا کو جواب کے لیے مہلت دے دی،عدالت نے واسا کے وکیل کی استدعا پر تحریری جواب جمع کروانے کے لیے مزید وقت دیا۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے واسا ملازمین کی مستقلی کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزاروں میں محمد عمر بلال سمیت دیگر عارضی ملازمین شامل ہیں، جنہوں نے 2015ء سے واسا میں اپنی خدمات سرانجام دی ہیں۔ درخواست گزاروں کی جانب سے وکیل طاہر خان ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے ۔ ،درخواست گزاروں کا موقف تھا کہ محکمہ نے کئی دیگر افراد کو سفارش کی بنیاد پر مستقل کر دیا ہے جبکہ ان درخواست گزاروں کو نظرانداز کیا گیا ہے۔

وکیل نے مزید کہا کہ پنجاب ریگولرائزیشن ایکٹ 2018ء کے تحت درخواست گزاروں کو مستقل کرنے کا حق حاصل ہے۔عدالت میں دلائل کے دوران درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ عدالت ان تمام ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دے۔ واسا کے وکیل نے جواب جمع کروانے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے قبول کر لیا اور سماعت کی مزید تاریخ طے کر دی۔