کراچی (رپورٹنگ آن لائن)عائزہ خان نے بولی وڈ کی ‘ڈانس گرل’ کہلائی جانے والی مقبول اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کو اپنی انسپائریشن قرار دیتے ہوئے ان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔عائزہ خان نے 12 جولائی کو مادھوری ڈکشٹ کی مقبول رومانوی فلم ‘دیوداس’ کو 19 سال مکمل ہونے پر ان کے لیے انسٹاگرام پر خصوصی پوسٹ کی، جس میں انہوں نے بولی وڈ اداکارہ کی تعریف کی۔عائزہ خان نے مادھوری ڈکشٹ کی جوانی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں ہر دور کی خوبصورت اداکارہ قرار دیا اور ساتھ ہی لکھا کہ اگر وہ کبھی بولی وڈ اداکارہ سے ملیں تو انہیں بتائیں گی کہ وہ کتنی خوبصورت ہیں۔عائزہ خان نے پوسٹ کا آغاز ہی مادھوری ڈکشٹ کے مقبول گانے ‘اک، دو تین’ سے کیا اور لکھا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ ‘ڈانس گرل’ کی فلمیں اور ڈانس دیکھ کر بڑی ہوئیں۔عائزہ خان نے لکھا کہ وہ جب بھی مادھوری کا نام سنتی ہیں تو ان کے ذہن میں فوری طور پر ‘اک، دو تین’ اور ‘دیو بابو’ آجاتے ہیں جب کہ اداکارہ کی طرح دیکھتے ہی ‘دل تو پاگل ہے’ جیسے جذبات آجاتے ہیں۔
اداکارہ نے مادھوری ڈکشٹ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں حیرت انگیز ڈانسر و اداکارہ قرار دیا اور لکھا کہ وہ اپنے آنسوو?ں سے لوگوں کے دل جیتنے کا فن جانتی ہیں۔عائزہ خان نے لکھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ مادھوری ڈکشٹ سے ملیں اور انہیں بتائیں کہ وہ کتنی خوبصورت ہیں اور وہ ان کے لیے کتنی بڑی انسپائریشن رہی ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ ان کی خواہش رہی تھی کہ وہ مادھوری ڈکشٹ جیسا لباس پہن کر ان کی کاپی کریں اور ان جیسی دکھیں۔عائزہ خان نے انسٹاگرام پر مادھوری ڈکشٹ کے پرانے لباس کی طرز کے لباس کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی۔لوگوں نے عائزہ خان کے مادھوری ڈکشٹ کے انداز کو کافی پسند کیا اور انہیں بولی وڈ اداکارہ سے بھی زیادہ خوبصورت قرار دیا۔