ملاقات 27

ظہران ممدانی سے ٹرمپ سے متعلق دلچسپ سوال، جواب میں ٹرمپ بھی بول پڑے

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن)امریکی صدر سے ملاقات کے دوران میئر نیویارک ظہران ممدانی سے صحافی نے ٹرمپ سے متعلق دلچسپ سوال کیا ،میئر کی وضاحت سے قبل ہی صدر ٹرمپ خود بول پڑے۔میئر نیویارک ظہران ممدانی سے صحافی نے سوال کیا کہ صدر ٹرمپ امن کے لیے کام کررہے ہیں ایسے میں آپ نے امریکی حکومت پر غزہ میں نسل کشی کا الزام کیوں لگایا؟

صحافی کے سوال پر ممدانی کی وضاحت سے پہلے ہی صدر ٹرمپ نے بول پڑے اور کہا کہ ممدانی کے انہیں فاشسٹ کہنے سے انہیں برا نہیں لگتا۔ٹرمپ نے کہا کہ ٹھیک ہے، آپ کہہ سکتے ہیں کیونکہ وضاحت کرنے سے زیادہ یہ کہنا آسان ہے، مجھے اعتراض نہیں۔اس موقع پر میئر نیویارک ظہران ممدانی نے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ سے ملاقات میں غزہ میں اسرائیلی نسل کشی اور امریکی حکومت کی جانب سے فنڈز فراہمی پر بات کی۔

ممدانی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو بتایا کہ نیویارک کے شہری چاہتے ہیں ان کے ٹیکس کی رقم انہی کے شہر کے لوگوں پر خرچ ہو۔میئر نے کہا کہ وہ نیویارک کے شہریوں سے کیے گئے وعدوں پر عمل کرنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ نیویارک کے نئے میئر ظہران ممدانی کی وائٹ ہاؤس میں امریکا کے صدر ٹرمپ سے ملاقات ہوئی جسے ٹرمپ نے انتہائی مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ظہران ممدانی کی ہر ممکن مدد کریں گے تاکہ یہ لوگوں کی امیدوں پر پورا اتر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں