لاہور (رپورٹنگ آن لائن) جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ طلباء کے لیے گرافک ڈیزائننگ، ویب ڈویلپمنٹ اور جدید ہنر سیکھنے کا یہ ایک اہم موقع ہے، جہاں انڈسٹری کی ڈیمانڈ کے مطابق نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے گورنمنٹ شہدائے اے پی ایس میموریل گرلز ماڈل ہائی سکول، ماڈل ٹائون لاہور میں جدید کمپیوٹر لیب کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے پر ایک کروڑ روپے لاگت آئی ہے جبکہ آئندہ تین سال کی مینٹیننس بھی ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ لیب میں سولر سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
جہانگیر خان ترین نے کہا کہ غریب اور امیر ہر بچے کا بنیادی حق ہے کہ اسے معیاری تعلیم اور یکساں مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب متوسط اور محروم طبقات کے بچوں کو بھی وہی سہولیات فراہم کی جائیں جو باوسائل طبقے کو حاصل ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء اگر بیرونِ ملک جامعات میں داخلہ حاصل کرتے ہیں تو ترین ایجوکیشن فائونڈیشن ان کی معاونت، رہنمائی اور ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی تاکہ باصلاحیت نوجوان عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔جہانگیر خان ترین نے مزید کہا کہ ہمارا مستقبل ہمارے طالب علم ہیں، انہیں جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی طارق محمود نے طلباء کو معیاری تعلیم کی سہولیات کی فراہمی پر جہانگیر خان ترین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے ان کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر ترین ایجوکیشن فائونڈیشن اکبر خان نے کہا کہ جہانگیر خان ترین کے تعاون سے مختلف اضلاع میں کمپیوٹر لیبز اور لائبریریز کے قیام کا سلسلہ جاری ہے جبکہ لودھراں میں اسٹیٹ آف دی آرٹ آئی ٹی انسٹی ٹیوٹ ٹائیسر بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترین انسٹیٹیوٹ فار کمپیوٹر ایجوکیشن اینڈ ریسورسز کی تکمیل سے جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کی جدید علوم تک رسائی ممکن ہوگی۔تقریب میں مختلف تعلیمی و سماجی شخصیات نے شرکت کی جبکہ ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے نمائندگان بھی موجود تھے۔









