کرم (رپورٹنگ آن لائن ) ضلع کرم میں حالات سخت کشیدہ ہونے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے بھیجے گئے اعلی سطح کے حکومتی وفد کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کر دی گی۔
فائرنگ سے حکومتی وفد اور ہیلی کاپٹر محفوظ رہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پشاور سے روانہ ہونے والے وفد میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف، چیف سیکریٹری ندیم اسلم چوہدری اور آئی جی اختر حیات خان گنڈاپور شامل تھے ۔ وفد ضلع کرم میں جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے لواحقین اور علاقہ عمائدین سے ملاقات اور کرم ایجنسی کے تنازعات کے حل کے بارے میں مقامی عمائدین سے مشاورت کیلئے گیا تھا ۔
کرم کے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود نے کہا کہ علاقے میں امن بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جب کہ کرم سے پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے ساجد حسین طوری نے بھی تصدیق کی کہ ضلع میں امن کی کوششوں کے لیے ایک اعلی سطح کا اجلاس جاری ہے۔ جاوید اللہ محسود نے کہا کہ ڈی سی کانفرنس ہال میں بلائے گئے اجلاس میں سیکیورٹی فورسز اور مقامی انتظامیہ کے حکام شرکت کر رہے ہیں جب کہ مقامی عمائدین، فورسز اور انتظامیہ کی مدد سے جلد از جلد امن قائم کیا جائے گا۔