محمودعباس

صدرالسیسی،محمودعباس اورشاہ عبداللہ کا مقبوضہ القدس کی صورت حال پرتبادلہ خیال

مقبوضہ بیت القدس(رپورٹنگ آن لائن)فلسطینی صدرمحمودعباس نے قاہرہ میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی ہے اور ان سے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلیم)کی تازہ صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔فلسطینی خبررساں ایجنسی کے مطابق صدر محمودعباس نے اسرائیلی فوج کے تحفظ اور نگرانی میں یہودی آبادکاروں کی القدس شہرمیں جارحانہ کارروائیوں کی مذمت کی ۔ان کا اشارہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں آباد فلسطینی خاندانوں کے خلاف یہودی آبادکاروں کی حالیہ تشددآمیزکارروائیوں کی جانب تھا۔

یہودی آبادکار انھیں صہیونی ریاست کی مشینری کے بل پر شہر سے بے دخل کرانے کے لیے کوشاں ہیں۔بیان کے مطابق مصراوراردن کے لیڈروں نے صدر محمودعباس کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔فلسطینی لیڈر کے زیرقیادت اتھارٹی اس وقت اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے میں نظم ونسق چلا رہی ہے،اسے محدود خودمختاری حاصل ہے جبکہ غزہ کی پٹی میں ان کی حریف فلسطینی جماعت حماس کی حکومت ہے۔