واشنگٹن (ر پورٹنگ آن لائن) امریکہ کی ڈیموکریٹ نائب صدارتی امیدوار کمالا ہیریس نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
نے ہمارے مسائل کو سیاسی ہتھیاروں کے طور پر استعمال کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق کمالا ہیریس نے گزشتہ روز اپنے پارٹی
کنونشن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ناکام قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت جھکنے کے مرحلے پر ہیں کیونکہ مستقل
افراتفری اور انتشار نے ہمیں گمنامی میں دھکیل دیا ہے، نااہل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہمارے مسائل کو سیاسی ہتھیاروں میں
تبدیل کر دیا اور انہیں اپنے سیاسی مفاد کے طور پر استعمال کیا ہے، صدر ٹرمپ نے ہمیں خوف میں مبتلا کر دیا ہے اور سخت
گیری نے ہمیں دنیا میں تنہا کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت زیادہ بہتر کام کر سکتے ہیں اور اس سے بھی زیادہ کے مستحق
ہیں اس لیے ہمیں ایسے صدر کا انتخاب کرنا ہے جو ملک کیلئے کچھ منفرد، بہترین اور اہم کام کرے۔ کمالا ہیریس نے کہا کہ ہمیں
ملک میں نسل پرستی کی روک تھام کے لیے بہت کام کرنا ہے کیونکہ اس کے لیے کوئی ویکسین نہیں ہوتی۔