آصف علی زرداری 13

صدر مملکت آصف علی زرداری کی انتخابی کامیابی کے بعد نیپال کی نئی قیادت کو مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے نیپال کی راشٹریہ سواتنترا پارٹی اور اس کے رہنما بلیندرا شاہ کو تاریخی انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ انتخابی عمل میں نوجوانوں کی فعال شرکت انتہائی حوصلہ افزاء ہے اور یہ جوابدہ طرز حکمرانی اور اصلاحات کیلئے خطے میں پائے جانے والے وسیع تر رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان قیادت کا ابھرنا جنوبی ایشیا اور دنیا بھر کیلئے ایک مثبت پیغام ہے۔ صدر مملکت نے یاد دلایا کہ پاکستان کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی میراث پر فخر ہے جو پاکستان کی کم عمر ترین وزیر اعظم بنیں۔ انہوں نے کہا کہ نیپال میں ایک نوجوان وزیرِ اعظم کا سامنے آنا خطے کیلئے خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے پاکستان اور نیپال کے درمیان 1960ء میں سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے قائم گرمجوش اور دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کی اس خواہش کا اعادہ کیا کہ وہ نیپال کے ساتھ باہمی احترام، خیرسگالی اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے نئی قیادت کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی اصلاحاتی ترجیحات کو آگے بڑھاتے ہوئے نیپال کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے نیپال کے ساتھ دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں