صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری دورہ چین کے لیے اسلام آباد سے روانہ ہوگئے،

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری دورہ چین کےلئے اسلام آباد سے روانہ ہوگئے۔

منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت 4 سے 8 فروری تک دورہ چین کےلئے وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے روانہ ہوئے، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم حسین بھی صدر مملکت کے ہمراہ ہیں۔

صدر مملکت بیجنگ میں چین کی اعلیٰ سطح کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ صدر مملکت اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی چیانگ سے بھی ملاقات کریں گے۔ صدر مملکت کا دورہ چین دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کےلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے.

یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون مزید بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ملاقاتوں کے دوران پاک-چین اقتصادی راہداری، علاقائی روابط اور سکیورٹی تعاون سمیت اہم دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔