لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہورکے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر کی جانب سے یوم تکبیر کی مناسبت سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں رکن پنجاب اسمبلی ملک شہباز کھوکھر ،عرفان شفیق کھوکھر سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ پاکستان کے ازلی دشمن کے خلاف جنگ میں تاریخی فتح کی وجہ سے امسال ” یوم تکبیر ” پہلے سے بڑھ کر جوش و خروش سے منایا گیا ۔پاکستان کے عوام نواز شریف کو دعائیں دے رہے ہیں جنہوںنے 1998میں عالمی دبائو اور اربوں ڈالر زکی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی عوام اور افواج پاکستان نے دشمن کے خلاف جس اتحاد کا مظاہرہ کیا ساری دنیا میں اس کی مثالیں دی جارہی ہیں ۔
مودی نے اپنی سیاست چمکانے کیلئے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی لیکن ہماری افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ ہم جنگ نہیں چاہتے مگر طاقت کے زعم میں مبتلا مودی کو اس کی سمجھ نہیں آئی ۔ آرمی چیف کی قیادت میں جب افواج پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کیا تو بھارت کے ہوش ٹھکانے آئے اور اس نے مداخلت کے لئے امریکہ کی منتیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کاداعی ہے مگر اس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ،بھارت نے اگر دوبارہ ایسی کوئی حرکت کی تو اسے پہلے سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا ۔ اب بھی وقت ہے بھارت ہوش کے ناخن لے اور پانی بند کرنے کی دھمکیاں دینے کی بجائے خطے میں پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر پر بات کرے تاکہ خطے میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوجس سے خطے میں بسنے والے کروڑوں انسانوں کی زندگیوں میںبھی خوشحالی آ سکے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا فخر ہے ہم 9 مئی والے نہیں 28مئی والے ہیں۔









