اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے رحیم یار خان میں ایک نجی ادائیگی مقام پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔حادثے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں دیگر خواتین کے ساتھ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین بھی موجود تھیں۔پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جاں بحق خواتین کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
صدر مملکت نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہرممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں سے ہرممکن تعاون کیا جائے۔صدر مملکت نے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کو فوری طور پر رحیم یار خان پہنچنے کی ہدایت کی اور متعلقہ حکام کو واقعے کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچائو کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔









