اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جاپان کے قومی دن اور سالگرہ کے موقع پر شہنشاہ ناروہیتو، ملکہ اور جاپان کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ بدھ کو ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق اس موقع پر اپنے ایک خط میں صدرِ مملکت نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ شراکت داری مختلف شعبہ جات پر محیط ہے اور بین الاقوامی امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہے۔
صدرِ مملکت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شہنشاہ ناروہیتو کی رہنمائی میں پاکستان اور جاپان کے تعلقات آئندہ برسوں میں مزید مضبوط اور گہرے ہوتے رہیں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے جاپان کے شہنشاہ اور ملکہ کی صحت و سلامتی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور جاپان کے عوام کے لیے مسلسل ترقی اور خوشحالی کی دعا بھی کی۔








