لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ صاف پانی کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اورصاف پانی کے پلانٹ جہاں بھی لگے وہاں بیماریوں میں کمی آئی ہے۔
وہ پنجاب یونیورسٹی سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی،ڈائریکٹر سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیزپروفیسر ڈاکٹر عابدہ اشرف، چیئرپرسن فلم اینڈ براڈکاسٹنگ ڈاکٹر لبنی ظہیر ، شعبہ جات کے صدور،فیکلٹی ممبران اور طلبائوطالبات نے شرکت کی۔
واٹر فلٹریشن پلانٹ شعبہ فلم اینڈ براڈ کاسٹنگ کی درخواست پر سرور فائونڈیشن کی طرف سے نصب کیا گیا۔اپنے خطاب میں چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ہسپتالوں میں50 فیصد مریض گندے پانی کی وجہ سے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں اور دوائیوں پر پیسے لگانے کی بجائے احتیاطی تدابیر پر پیسے لگنے چاہیے۔ انہو ں نے کہا کہ مخیرحضرات صاف پانی کی فراہمی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ جو پیسے عوام کی بھلائی پر خرچ کریں گے وہی آگے کام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے پر بہت خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کو ختم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں ڈاکٹر محمد علی وائس چانسلرملے ۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے پر سرور فائونڈیشن کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں طلبائو طالبات، اساتذہ اورملازمین واٹر فلٹریشن پلانٹ سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرور فائونڈیشن کے ساتھ صحت کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔