لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان کو لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) 2026 کیلئے ڈمبولا سکسرز نے اپنا آئیکون پلیئر سائن کرلیا۔
فرنچائز نے سوشل میڈیا پر اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ صاحبزادہ فرحان آئندہ سیزن میں ڈمبولا سکسرز کی نمائندگی کریں گے، ان کی شمولیت حالیہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ 2026 اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں شاندار کارکردگی کے بعد سامنے آئی ہے۔
ڈمبولا سکسزر نے اپنے بیان میں کہا کہ آئیکون پلیئر الرٹ! پاکستان کے صاحبزادہ فرحان آئندہ ایل پی ایل سیزن کیلئے ڈمبولا سکسرز کے آئیکون پلیئر کے طور پر ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے صاحبزادہ فرحان نے مختصر فارمیٹ میں خود کو پاکستان کے نمایاں ترین بیٹرز میں شامل کرلیا ہے، انہوں نے ٹی20 ورلڈکپ 2026 میں سات میچز میں 383 رنز اسکور کیے، اس دوران انہوں نے دو سنچریاں اور دو نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔
پاکستان کیلئے اب تک 46 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے صاحبزادہ فرحان 1305 رنز بنا چکے ہیںجس میں 10 نصف سنچریاں اور دو سنچریاں بھی شامل ہیں۔
پی ایس ایل میں بھی صاحبزادہ فرحان کا ریکارڈ متاثرکن رہا ہے، وہ 44 میچز میں 1286 رنز بنا چکے ہیں، انہوں نے آٹھ نصف سنچریاں اور دو سنچریاں سکور کیں۔
یاد رہے ایل پی ایل 2026 کا آغاز 17 جولائی سے ہوگا، جہاں افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن جافنا کنگز اور گیل مارویلز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، ٹورنامنٹ 8 اگست تک جاری رہے گا جبکہ میچز سری لنکا کے چار مختلف انٹرنیشنل وینیوز پر کھیلے جائیں گے۔








