رائے ونڈ( رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں سفارتی کامیابیوں کا سفر جاری ہیں،
ملکی معیشت بھی درست سمت میں گامزن ہے اور دنیا میں پاکستان کو عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، اندھیروں کا سفر اب ختم ہو چکا ہے اور ملک روشنیوں اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں نوجوانوں کو ملک کا روشن مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم کی فراہمی اور برسر روزگار بنانے کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ کیونکہ کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا، دنیا میں تعلیم اور تحقیق کے انداز بدل رہے ہیں، اور ہمیں بھی جدت کی طرف بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں اور ملک کے دفاع میں ان کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق میں نہ صرف جنگی بلکہ ٹیکنالوجی کی برتری بھی ثابت کی ہے۔ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان کو بہتر بنانے، نوجوانوں میں فنی اور سائنسی مہارتوں کو فروغ دینے اور ملکی وسائل کو بہتر استعمال کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کی سماجی، اقتصادی اور سیاسی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ملک کے عوام خوشحال اور محفوظ زندگی گزار سکیں۔









