لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی سیاست کا سورج نواز شریف کی طرح غروب ہونے والا ہے۔ اپنی گرتی ہوئی سیاست کو بچانے کے لیے شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سارے لیگی ترجمان سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 1990 میں شہباز شریف کے ظاہر کردہ اثاثوں کی مالیت 21 لاکھ تھی۔ یہ اثاثے 1998 میں ایک کروڑ آٹھ لاکھ اور 2018 میں اہل و عیال سمیت سات ارب سے زائد ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے ڈھکے چھپے اور غیر اعلانیہ اثاثوں کی مالیت ظاہر کردہ اثاثوں سے کئی ہزار گنا زیادہ ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ نیب اور احتسابی اداروں نے آلِ شریف کی جدید سائنسی بنیادوں پر استوار کرپشن کا کچا چٹھا کھول کر عوام کے سامنے رکھ دیا ہے۔
لیگی ترجمانوں کی فوج اپنی پارٹی قیادت کی اس لازوال کرپشن سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے سارا دن پی ٹی آئی اور وزیرِ اعظم عمران خان پر الزام تراشی اور دشنام طرازی میں مصروف رہتے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی عوام آلِ شریف کی ساری کرتوتوں اور کارستانیوں سے بخوبی واقف ہیں اور لیگی ترجمانوں کے الٹے سیدھے بیانات اور پی ٹی آئی پر الزامات سے عوام کا موقف مسلم لیگ (ن) کے حق میں تبدیل نہیں ہو سکتا۔