شہباز شریف

شہباز شریف کا خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کیخلاف کامیاب انٹلیجنس آپریشن پرسیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹلیجنس آپریشن پرسیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

جاری بیان میں وزیراعظم نے مہمند اور ڈی آئی خان میں 9خارجی جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی افسران و اہلکاروںکی تعریف اوروطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے حوالدار محمد زاہد اور سپاہی آفتاب علی شاہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے شہدا کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعاء کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بہادر جوانوں و ان کے اہل خانہ پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے۔