لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ یومِ پاکستان کے موقع پر کینیڈا، قطر، سپین، ترکیہ اور یو اے ای سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک میں پاکستانی پرچم لہرا کر جس انداز میں یکجہتی کا اظہار کیا گیا وہ ساری قوم کے لیے باعث فخر ہے،ایران،امریکہ مذاکرات کی باز گشت میں عالمی میڈیا پر پاکستان کا مثبت انداز تذکرہ ہونا ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ پاکستان کو یہ غیر معمولی کامیابیاں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی موثر قیادت، کامیاب سفارتکاری اور متوازن خارجہ پالیسی کے نتیجے میں ملی ہیں جن سے پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند ہوا۔وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی انتھک کاوشوں سے آج پاکستان دوبارہ عالمی سطح پر مثبت پہچان حاصل کر رہا ہے۔
سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ آج دنیا میں پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ، بطور قوم ہم نے دن رات محنت کر کے پاکستان کو معاشی طور پر کامیاب ملک بنانا ہے اور ان شا اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کرے گا اورپاکستان کی معیشت دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان انتہائی با صلاحیت ہیں اور ان شااللہ وہ دستیاب مواقعوں کو ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کا ذریعہ بنائیں گے








