لاہور( رپورٹنگ آن لائن) سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ شوبز کی چکا چوند معاشرے پر اثر انداز ہوتی ہے ، ہمارے ٹی وی پر ایک عرصہ تک اصلاح پر مبنی ڈرامے پیش کئے گئے اور اس کے مثبت اثرات بھی دیکھے گئے ۔
ایک انٹر ویو میں سینئر اداکارہ نے کہا کہ مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ جو کچھ دکھاا جارہا ہے وہ اثر رکھتا ہے اوراس وجہ سے مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شوبز انٹرٹینمنٹ ہے لیکن اس میں حدود و قیود کا خیال رکھا جانا چاہیے ، اصلاح پر مبنی ڈرامے پر کیوں کوئی تنقید کرے گا ۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ لوگ آج کل یہی دیکھنا چاہتے ہیں ، میرا سوال یہ ہے کہ لوگوں کی اکثریت جو یہ نہیں دیکھنا چاہتی وہ پھر کیا کرے ،اسے دکھانے کے لئے بھی تو کچھ ہونا چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ میں کسی پر تنقید نہیں کر رہی بلکہ یہ کہہ رہی ہوں کہ گزشتہ تین دہائیوں اور آج کے دور کا موازنہ کر کے خود ہی اصلاح کر لینی چاہیے ۔









