شعبہ صحت

شعبہ صحت وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے،کورونا سے بخوبی نمٹے ہیں:ڈاکٹر سیمی بخاری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)ممبر سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہیلتھ اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سیمی بخاری نے کہا ہے کہ صحت کا شعبہ وزیر اعظم عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے،ہیلتھ کارڈ سمیت کئی ایک انقلابی اقدامات سے عام آدمی کو خاطر خواہ ریلیف مل رہا ہے بالخصوص کورونا کی وبا سے بخوبی نمٹنے اور موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لئے موزوں پالیسی اختیار کی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال میں ویکسی نیشن سینٹر کے معائنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر،ڈائریکٹر ریسرچ لیب ڈاکٹر غزالہ روبی، ڈاکٹر عرفان ملک،ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر طیبہ، فوزیہ منظور، نازیہ مبارک، صائمہ شاہین و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ایم این اے ڈاکٹر سیمی بخاری کا کہنا تھا کہ ویکسین کی دو خوراکیں کورونا کے خلاف مظبوط ڈھال ہے لہذا سینئر سٹیزن کو اس وباء سے محفوظ رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ نوجوان اپنے والدین کو حکومت کی جانب سے مفت فراہم کردہ ویکسین ضرور لگوائیں تاکہ بیماری کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے احکامات کی روشنی میں کورونا وبا کے علاج و تشخیص اور مریضوں کی دی جانے والی طبی سہولیات اطمینان بخش ہیں،اس میں کوئی شک نہیں کہ وبا کے اس مشکل ترین دور میں ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس نے فرنٹ لائن پر خدمات سر انجام دی ہیں جو لائق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن حقیقت پسندانہ اور ملکی حالات کے عین مطابق ہے اور انشاء اللہ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کی طرح ہم تیسرے مرحلے سے بھی احسن انداز میں نکلیں گے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے ممبر سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہیلتھ ڈاکٹر سیمی بخاری کو بتایا کہ جنرل ہسپتال اسٹیٹ آف دی آرٹ ملک میں واحد لیبارٹری ہے جہاں کورونا سے متاثرہ مریضوں کے پی سی آر ٹیسٹ کے علاوہ اُن پر تحقیق کی جاتی ہے اور اُس کی تفصیلی رپورٹ جاری کر کے مریضوں کے لئے آسانی اور طبی ماہرین کو بھی علاج معالجے میں خصوصی مدد فراہم ہو رہی ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ حکومتی اقدامات اپنی جگہ اہم ہیں لیکن عوامی سطح پر شعور و آگاہی انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس کے بغیر وائرس اور وبائی مرض پر قابو پانا ممکن نہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ تمام شہری سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور کوروناکی تیسری لہر سے بچاؤ کے لئے اپنی ترجیحات اور طرز زندگی میں نمایاں تبدیلی لائیں۔