لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) وزیر جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شریف خاندان کو کرپشن اور لوٹ مار کے ساتھ انصاف بھی اپنی مرضی کا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شریف خاندان اختلافات، جھوٹ، فریب اور ملک دشمنی کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ ترجمان حکومت پنجاب نے کہا ہے کہ ایف آئی اے پوچھے تو شہباز شریف اپنے بیٹوں کے کاروبار سے لاتعلقی دکھاتے ہیں، برطانوی عدالت میں کیس ہو تو یہ دونوں موصوف باپ بیٹا بن جاتے ہیں، شریف خاندان کو کرپشن اور لوٹ مار کے ساتھ انصاف بھی اپنی مرضی کا چاہیے۔
پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آج انہیں لندن کی ایک ایجنسی ٹھیک اور پاکستان کا پورا عدالتی نظام بےکار لگ رہا ہے، حمزہ شہباز کو جسٹس شائق عثمانی کے خیالات اچھے لگے، موجودہ ججز کے بارے میں انکا کیا خیال ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ 7 ارب 32 کروڑ اور 25 ارب کے کرپشن کیسز پر شہباز شریف کو سانپ سونگھ جاتا ہے، اپنے دور کے ساڑھے 17 ہزار ارب کے آڈٹ پیراز کا آج تک شہباز شریف نے جواب نہیں دیا، شریف خاندان آج سے 8 سال پہلے آج سے تین گنا مہنگی سڑکیں بنا رہا تھا، ہم ایسے سوال پوچھیں تو شہباز شریف برا مان جاتے ہیں۔ وزیر جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا ہے کہ بار بار کہہ چکا ہوں کہ یہ خاندان ٹکے ماری میں پوسٹ ڈاکٹریٹ کرچکا ہے، شریف خاندان نے عوام کو جتنا چونا لگانا تھا لگا لیا ہے۔