اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز ایف ایٹ فور میں شجرکاری مہم کا آغاز کردیا۔
اس موقع پرانہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج درخت لگانے سے کل ایک بہتر ماحول ملے گا۔ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ میں نوجوانوں کو آگے لانے کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان کی نوجوان نسل کا کردار اس حوالے سے بہت اہم ہے، درخت لگانے سے ماحولیاتی توازن بحال ہوگا اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے اپنا حصہ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کا مقصد ماحولیاتی ذمہ داری کو فروغ دینا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے بہتر ماحول فراہم کیا جاسکے۔ رومینہ خورشید عالم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شجرکاری کے ذریعے ماحولیاتی بحران کا حل ممکن ہے اور ہمیں اس طرف سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم کیکوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ حکومت پاکستان نوجوانوں کی شمولیت اور سرگرمیوں کو بڑھا کر ماحولیاتی تحفظ کے لیے اقدامات کو مزید موثر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی شمولیت نہ صرف ماحول کے تحفظ کے لئے ضروری ہے بلکہ یہ ایک مثبت پیغام بھی ہے کہ ہر فرد کی شمولیت ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے۔ رومینہ خورشید عالم نے اس بات پر زور دیا کہ شجرکاری مہم میں ہر پاکستانی شہری کا حصہ ڈالنا ضروری ہے تاکہ ہم اپنے ماحول کو صاف اور سرسبز بناسکیں۔