اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سینیٹ کے الیکشن میں بھی اپوزیشن نے نوٹوں کی بوریوں کے منہ کھول رکھے ہیں،اپوزیشن الیکشن کمیشن سے منشا کے مطابق فیصلے چاہتی ہے ،الیکشن کمیشن کا فیصلہ تحریک انصاف کو من و عن قبول ہو گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ (ن )لیگ کی طرف سے الیکشن کمیشن میں کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیے گئے،مسلم لیگ (ن )کی طرف سے جو دلائل دیے گئے وہ ان کے پسماندہ ذہن کی عکاسی کرتے ہیں،اپوزیشن کے وکیل دلائل میں کوئی ثبوت نہیں دے سکے۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے انتخابات میں ہمیشہ دھاندلی کی ہے،مسلم لیگ ن سمجھتی ہے کہ الیکشن جیتنا ان کا پیدائشی حق ہے۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے چھانگا مانگا اور کرپشن سے ہمیشہ انتخابی عمل کو متاثر کیا،اپوزیشن الیکشن کمیشن سے منشا کے مطابق فیصلے چاہتے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ سینیٹ کے الیکشن میں بھی اپوزیشن نے نوٹوں کی بوریوں کے منہ کھول رکھے ہیں،اپوزیشن کرپشن کے پیسے کو سینیٹ انتخابات میں استعمال کرنا چاہتی ہے۔عثمان ڈار نے کہاکہ تمام پریذائیڈنگ افسران نے بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دئیے ہیں،آر او نے بھی اپنا بیان الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا ہے۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہاکہ مسلم لیگ ن الیکشن کمیشن کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے،مریم نواز اپنے بیانات سے پاکستان کے اداروں کو متنازع کر رہی ہیں۔عثمان ڈار نے کہاکہ مریم نواز اپنا من پسند فیصلہ لینے کیلئے بلیک میلنگ کر رہی ہیں،الیکشن کمیشن کا فیصلہ تحریک انصاف کو من و عن قبول ہو گا۔عثمان ڈار نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے 20پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کی پیشکش کی ہے۔