لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کے حوالے سے سینیٹ سے بل کی منظوری کے بعد تحریک عدم اعتماد لانے کے خواب دیکھنے والی اپوزیشن کو دن میں تارے نظر آگئے ہیں، سیاسی بیروزگار اپوزیشن کے پاس ناکامیوں کے انبار لگ گئے ہیں لیکن یہ پھر بھی اپنی اصلاح کرنے کے لئے تیار نہیں ۔ اپنے دفتر میں پارٹی رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ اپوزیشن نے اتنی ناکامیاں سمیٹی ہیں اب انہیں اس کی لت پڑ چکی ہے اور جب تک یہ ہر روز ناکامی کا منہ نہ دیکھیں انہیں سکون میسر نہیں آتا ۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے بقول اسے سینیٹ میں عددی اکثریت حاصل ہے پھر وہاں سے اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کے حوالے سے بل کیسے منظور ہو گیا اور یہ اپوزیشن کی سیاست کے لئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔ جن لوگوں نے ملکی مفاد میں پیش کئے گئے بل کی منظوری میں ساتھ دیا ہے ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور راوی کنارے نیا شہر بسانے کے منصوبے معاشی طور پر صوبے اور ملک کی تقدیر بد ل دیں گے ، حکومت روڈ ا منصوبے کے حوالے سے سپریم کورٹ میں اپنا نقطہ نظر پیش کر ے گی ۔