چوہدری محمدسرور 237

سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹ پر پی ڈی ایم کیوں گھبرا رہی ہے؟اوپن بیلٹ انتخابات سے اپوزیشن کو فائدہ ہوگا ‘محمد سرور

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹ پر پی ڈی ایم کیوں گھبرا رہی ہے؟اوپن بیلٹ انتخابات سے اپوزیشن کو نقصان نہیں فائدہ ہی ہوگا ،قبل از وقت انتخابات کی خواہش رکھنے والے 2023 تک صبر کر یں۔اپنے بیان میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ شفاف سینیٹ انتخابات سے جمہوریت اور پار لیمنٹ مزید مضبوط ہوگی۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا قوم سے وعدہ ہے کہ وہ کر پشن کو جڑوں سے ختم کر یں گے اور تاریخ گواہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جو کہتے ہیں کر کے بھی دکھاتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کوئی معاشرہ کر پشن کے خاتمے اور شفافیت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومت ملک کو مستحکم جبکہ اپوزیشن کمزور کرنا چاہتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومتی ایجنڈہ عام آدمی کو مضبوط بنانا اور ہر شعبے میں ریلیف دینا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومتی مخالفین کو سیاسی اور ذاتی نہیں بلکہ قومی مفادات کو تر جیح دینی چاہیے۔گورنر نے کہا کہ قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی ۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام حکومت اور جمہوریت سمیت تمام اداروں کے ساتھ متحد کھڑے ہیں۔گور نر پنجاب چوہدری محمد سرورنے جنوبی وزیر ستان میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردملک کی ترقی، خوشحالی اور امن واستحکام کے دشمن ہیں جبکہ 22کروڑ پاکستانی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان سے دہشت گردی اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ ہوگا اور پاکستان حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بنے گا۔ چوہدری محمدسرور نے ملکی دفاع کے لئے دہشت گردو ں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونیوالے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ پوری قوم شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شر یک ہے اور شہداء کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ شہداء کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں