لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے سیلاب بحالی پروگرام کے تحت 95 فیصد سروے مکمل ہو چکا اور انہوں نے سروے مکمل ہونے کا انتظار کئے بغیر متاثرین میں امداد کی تقسیم شروع کر دی ہے۔
پنجاب حکومت نومبر تک بحالی پروگرام مکمل کر لے گی۔انہوں نے ننکانہ صاحب میں سیلاب متاثرین کو امدادی چیکس تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت اب تک ڈیڑھ ارب روپے کی مالی امداد متاثرہ فیملیز میں تقسیم کی جا چکی ہے جبکہ 50 ہزار سے زائد سیلاب بحالی کارڈز متاثرین تک پہنچا دئیے گئے ہیں۔
یہ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے شفاف اور تیز ترین بحالی پروگرام ہے ، حکومت پنجاب کا مقصد ایک ایک متاثرہ خاندان تک امداد پہنچانا اور انہیں دوبارہ آباد کرنا ہے ۔