کراچی (ر پورٹنگ آن لائن) سیکریٹری سندھ لوکل گورنمنٹ کے مطابق جاری کردہ حکم نامہ NO SLGD/SLGB/SECV/2021/203 DATED 23/08/2021 کے مطابق سید محمد علی زیدی کو بلدیہ کراچی وسطی کا ایڈمنسٹریٹر تعینات کردیا گیا جبکہ خالد ریاض صدیقی کو میونسپل کمشنر بلدیہ کراچی وسطی تعینات کیا گیا ہے ۔سید محمد علی زیدی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی کا منصب سنبھالنے کے بعد افسران کے اجلاس کی صدارت کی ،بلدیہ وسطی کے نئے ایڈمنسٹریٹر سید محمد علی زیدی نے بلدیہ وسطی کے تمام شعبہ جات کے افسران کے اجلاس میں اہلیان ضلع وسطی کو بہتر سے بہتر بلدیاتی سہولیات مہیاء کرنے کے لئے انقلابی اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بلدیہ وسطی کے افسران و کارکنان اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے دوسروں کے اطمینان کے بجائے خوداحتسابی کے تحت اپنے آپ کومطمئن کریں کیونکہ ہر شخص بخوبی جانتا ہے کہا ںا س نے اپنی ذمہ داری کس حد تک پوری کی۔
مزید برآں انہوں نے تمام افسران اور کارکنان کے درمیان باہمی تعاون اور اتحاد کو کسی بھی محکمے کی کامیابی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام افسران ایک دوسرے سے مضبوط اشتراک اور اتحاد قائم کریں انہوں نے ٹیم ورک کے ذریعے ہم بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں ایڈمنسٹریٹر محمد علی زیدی نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی کام کی تکمیل کے لئے وقت کی پابندی نہایت اہمیت کی حامل ہے اس لئے تمام اسٹاف و افسران دفتری اوقات کی سختی سے پابندی کریں تاکہ ہر کام وقت پر شروع ہو اور وقت پر ختم کیا جاسکے ۔ انہوں نے ہر شعبے کے سربراہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سہہ ماہی اہداف اور لائحہ عمل تیار کیا جائے اور اس پر عمل کیا جائے اس طرح بلدیہ وسطی کو سہہ ماہی لائحہ عمل کے تحت قلیل مدتی ہدف حاصل کرنے میں آسانی ہوگی ۔اس موقع پر اجلاس میں شریک افسران نے اپنی جانب سے نئے ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر کو خوش آمدید کہتے ہوئے بلدیہ وسطی کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کرنے کا یقین دلایا ۔









